لاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ ٹریبونل نے تحریکِ انصاف کی رہنما صنم جاوید کو سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صنم جاوید نے جمعرات کے روز سینیٹ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کیا، الیکشن ٹریبونل کے جسٹس شاہد بلال حسن نے صنم جاوید کی اپیل پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے صنم جاوید کو ایوانِ بالا کے 2 اپریل کو ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی، جبکہ الیکشن کمیشن صنم جاوید کے کاغذات مسترد کرچکا ہے۔
کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف صنم جاوید کی اپیل منظور کر لی گئی۔ خیال رہے کہ سینیٹ کی 6سالہ مدت پوری ہونے کے بعد خالی ہونے والی 48 نشستوں پر 2اپریل کو انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔
قبل ازیں متعدد مرتبہ پی ٹی آئی رہنما یہ شکایت کرچکے ہیں کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے یکطرفہ رہے ہیں، تاہم اعلیٰ عدالتوں میں اپیل دائر کرنے پر تحریکِ انصاف کو متعدد بار ریلیف دیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








