اسلام آباد: تحریکِ انصاف کے رہنما اور نامور وکیل شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ کچھ عناصر شاہد آفریدی کے خلاف جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں، ان کے ایک بیان کے باعث مہم چلائی جارہی ہے جو کہ جھوٹی، فضال اور بے بنیاد ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیرافضل مروت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ شاہد آفریدی ہی کیوں؟ 9 مئی کے ایک مبینہ بیان کے باعث شاہد آفریدی مخالف مہم چلائی جارہی ہے۔ ہمیں جھوٹی خبروں کی تردید کرنا ہوگی۔
ٹوئٹر پیغام میں شیر افضل مروت نے کہا کہ مجھے شاہد آفریدی کی جانب سے کوئی بیان نہیں ملا جبکہ سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم ایک لیجنڈ ہیں، میں آفریدیوں کی بہت سے خوبیوں سے متاثر ہوا ہوں اور شہریار آفریدی اور شاہد آفریدی میرے ہیرو رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا کہ شاہد آفریدی عمران خان کیلئے خاص احترام رکھتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم سوشل میڈیا پر شاہد آفریدی کے متعلق اچھی باتیں پھیلائے۔ مستقبل میں بھی ہم جھوٹے پراپیگنڈے پر تیزی سے ردِ عمل دیں گے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ”مجھے شاہد آفریدی کے خلاف سوشل میڈیا پر جھوٹی اور فضول مہم پر دلی افسوس ہے۔“ یاد رہے کہ سوشل میڈیا صارفین نے شاہد آفریدی پر کڑی تنقید کی تھی۔ 2 روز قبل شاہد آفریدی کے خلاف میمز بھی بنائی گئیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








