سکیورٹی فورسز نے تربت میں دہشت گردوں کی نیول بیس پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران فرنٹیئر کور کے سپاہی نعمان فرید شہید ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں نے تربت میں پاکستان نیول بیس پر حملے کی کوشش کی۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 24سالہ سپاہی نعمان فرید فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے کے بعد کلیئرنس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ فوجی جوانوں نے دہشت گردوں کے پاکستان نیول بیس پر حملے کا مؤثر جواب دیا جس سے دشمن پیٹھ پھیر کر بھاگ کھڑا ہوا۔
فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران سپاہی نعمان فرید شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ فرنٹیئر کور کے 24 سالہ نعمان فرید کا تعلق مظفر گڑھ سے تھا جو دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوئے۔
واقعے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم بی ایل اے نے قبول کی ہے۔ غیر ملکی میڈیا (وائس آف امریکا) کا کہنا ہے کہ حملے میں صدیقی ائیر اسٹیشن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا جبکہ حملے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی کی مجید بریگیڈ نے قبول کی۔
بلوچستان کے ضلع تربت میں پاکستان نیول بیس میں داخل ہونے کی کوشش بر وقت ناکام بناتے ہوئے چاروں دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے۔ پاک فوج نے رات کے وقت ہونے والے حملے پر فوری طورپر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا، تاہم آج صبح واقعے کی تفصیل جاری کردی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








