بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ معروف ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا آل انڈیا مجلسِ اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی کے خلاف بھارتی شہر حیدر آباد میں الیکشن لڑیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ثانیہ مرزا آئندہ لوک سبھا الیکشن میں حکمراں سیاسی جماعت بی جے پی کے خلاف صف آراء ہونے والی کانگریس کے ٹکٹ پر بھارتی مسلمانوں کے مقبول ترین رہنماؤں میں شامل اسد الدین اویسی کا مقابلہ کریں گی۔
تاحال اسد الدین اویسی کی پارٹی ایمم کا پلڑا بھاری رہا ہے تاہم 2023 کے اسمبلی الیکشن سے پتہ چلتا ہے کہ خطے کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی پیدا ہوئی اور اب عوام بی جے پی کی اہم مخالف سیاسی جماعت کانگریس کو پسند کر رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کانگریس الیکشن کمیٹی نے مخالف سیاستدانوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ثانیہ مرزا سمیت 18 شخصیات کے ناموں پر لوک سبھا الیکشن کا ٹکٹ دینے کیلئے غور کیا اور کانگریس ثانیہ مرزا کی ہمیشہ سے بڑھتی ہوئی مقبولیت سے بخوبی آگاہ ہے۔
ایسے میں کانگریس کی جانب سے ثانیہ مرزا کو امیدوار بنائے جانے پر خطے میں اسد الدین اویسی کا اثر و رسوخ کم ہونے اور ثانیہ مرزا کے مسلمان خاتون ہونے کی وجہ سے ٹینس اسٹار کو کسی حد تک ہمدردی کا ووٹ ملنے کی بھی امیدیں ہوسکتی ہیں۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس رہنما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر الدین نے کانگریس کے سامنے ثانیہ مرزا کا نام تجویز کیا جبکہ اظہر الدین بطور کرکٹ اسٹار بھارت میں عوام کی ٹینس سے وابستگی اور اس کے سیاسی اثر رسوخ پر یقین رکھتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








