قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ہاتھوں ملک کو ایک اور سبکی اٹھانا پڑی، پی آئی اے کی خاتون فضائی میزبان کو ٹورنٹو ائیرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی خاتون فضائی میزبان سے مبینہ طور پر غیر متعلقہ پاسپورٹ برآمد ہوئے ہیں۔
ائیرہوسٹس کی شناخت حنا ثانی کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرہوسٹس کو پہلے بھی ممنوعہ اشیاء لانے پر وارننگ دی گئی تھی۔
موقر معاصر آج نیوز کے مطابق حنا ثانی نامی ائیر ہوسٹس ملک کی ایک معروف گلوکارہ کی عزیزہ ہیں، جبکہ خود بھی سوشل میڈیا پر ماڈلنگ کرتی ہیں اور وہ ٹورنٹو سے لاہور کے لیے پرواز پی کے 789 پر تعینات تھیں۔
دوسری جانب پرواز پر حنا ثانی کے ہمراہ 7 دیگر فضائی میزبانوں کو بھیجا گیا تھا، جن کو ٹورنٹو کے لیے ائیر لائن نے نو فلائی ڈکلئیر کیا ہوا تھا، تاہم اس عملے کی خصوصی اجازت ڈی جی ایم فلائٹ سروسز کی جانب سے دی گئی تھی، جو روٹین سے ہٹ کر ہے۔
دیگر 2 ائیرہ ہوسٹس سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی، جس کے بعد کینیڈین حکام نے دونوں کو ہوٹل جانے کی اجاز دے دی۔
دریں اثنا اس حوالے سے پی آئی اے ترجمان عبداللہ خان کا بھی ردعمل سامنے آ گیا ہے، ترجمان کے مطابق واقعے کے بارے میں آگاہ ہیں، کینیڈین حکام سے رابطے میں ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








