محکمۂ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش جبکہ کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ شہرِ قائد کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔ اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ہے۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ دوپہر تک سمندری ہوائیں بھی بحال ہوجائیں گی تاہم ملک کے دیگر شہروں میں مزید بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مختلف شہروں بشمول لاہور، راولپنڈی اسلام آباد، گلیات، مری، چترال، سوات اور دیر سمیت خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفتاری کا امکان ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد، لاہور اور پنجاب کے دیگرشہروں میں تیز ہوائیں چلیں گی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات مری میں شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقے وادئ نیلم میں موسلا دھار بارش اور اپر نیلم، لوات، بالا، شاردہ، اڑانگ کیل اور شونٹھر سمیت دیگر مقامات پر برفباری جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








