بشریٰ بی بی کے کھانے میں ٹوائلٹ کلینر ملانے کا الزام، تحقیقات ہونی چاہئیں۔مولابخش چانڈیو

تازہ ترین

تازہ ترین

مولا بخش چانڈیو
(فوٹو: جیو نیوز)

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کے کھانے میں ٹوائلٹ کلینر ملانے کے الزام کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی (ہم نیوز) کے پروگرام میں میزبان منصور علی خان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے رہنما پی پی پی مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بارے میں ہمیشہ سے جذباتی رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اہلیہ قبول کرنے اور چھوڑنے میں دیر نہیں کرتے۔

پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اچھی بات ہے کہ عمران خان کا بشریٰ بی بی کے ساتھ لگاؤ ہے اور وہ اس شادی میں سنجیدہ بھی ہوگئے ہیں۔ ہمارے ساتھ کیا نہیں ہوا؟ پی ٹی آئی کہتی ہے کہ ہم سے بلے کا نشان لیا گیا، نشان تو پیپلز پارٹی سے بھی چھین لیا گیا تھا۔

گفتگو کے دوران مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ماضی میں پی پی پی والوں کو پیپلز پارٹی کا نام تک استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ہم نے ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کیا۔ سچی بات یہ ہے کہ عمران خان نے ملک کی سیاست، نظام اور اداروں کو مذاق بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو کچھ عمران خان کے ذہن میں آئے، وہ درست ہے، باقی کچھ درست نہیں؟ کبھی آپ نے دیکھا ہے کہ کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ ہوا ہو؟ میں ماضی میں کہہ چکا ہوں کہ اگر عمران خان کی سیاست کو نہ روکا گیا تو پاکستان کے بخیے ادھڑ جائیں گے۔

Related Posts