اسلام آباد: چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت دیگر ججز کو موصول ہونے والے دھمکی آمیز خط سی ٹی ڈی کے حوالے کردئیے گئے ہیں، خطوط پر تفتیش شروع کردی گئی۔
نجی ٹی وی (اے آر وائی) کی رپورٹ کے مطابق مشکوک خط بھیجنے کا سلسلہ ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ تک جا پہنچا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا جبکہ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے دیگر ججز کو بھی ایسے ہی خطوط موصول ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس امین الدین کو بھی دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے جن میں پاؤڈر کی موجودگی کے ساتھ ساتھ دھمکی آمیز اشکال بھی بنائی گئی تھیں۔ چاروں خطوط یکم اپریل کے روز سپریم کورٹ میں وصول کیے گئے۔
دھمکی آمیز مشکوک خطوط کو محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ) کے حوالے کردیا گیا۔ خیال رہے کہ منگل کے روز چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق سمیت 9 ججز کو دھمکی آمیز خط موصول ہوئے جن میں پاؤڈر پایا گیا۔
انسانی صحت کیلئے مضر اور بیماری پھیلانے والے پاؤڈر سے آلودہ خطوط کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر لیا گیا جبکہ آج لاہور ہائیکورٹ کے 2 ججز جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس شاہد بلال حسن کو بھی مشکوک خطوط موصول ہوئے جنہیں نہیں کھولا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








