صدرِ مملکت نے ذوالفقار علی بھٹو کے یومِ شہادت کے موقعے پر کیا کہا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد:صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے 45ویں یومِ شہادت کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ملک کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف تھا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 45ویں برسی کے موقعے پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید اپنے وطن اور عوام سے عشق کرتے تھے، ان کا عدالتی قتل دراصل ملک کی خودمختاری، آزادی اور خودداری کے خلاف گھناؤنی سازش ہے۔

پیغام میں صدرِ مملکت نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جنگ سے تباہ حال پاکستان کو از سرِ نو تعمیر اور دنیا کے باوقار ممالک کی فہرست میں شامل کردیا۔ قوم کو سوچنے کا شعور دیا، بولنے کیلئے زبان سکھائی اور فخر سے سر اٹھا کر جینے کا درس دیا۔ ذوالفقار علی بھٹو ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کیلئے کوشاں تھے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کا مقصد پاکستان کو توانائی، صحت اور زراعت میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں پہلے نمبر پر لانا تھا۔ قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کا عدالتی قتل تیزرفتاری سے ترقی کی منازل طے کرنے والے ملک کی پیٹھ میں خنجر گھونپنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ قوم ذوالفقار علی بھٹو شہید کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے بلاخوف و خطر ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے جدوجہد کرے گی۔ پاکستان کی دھرتی ہمارے لیے مقدس حیثیت کی حامل ہے، ذوالفقار علی بھٹو کے نقشِ قدم پر چل کر ملک کو جنت نظیر مملکت بنا دیں گے۔

Related Posts