اسلام آباد: سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے ججز کو دھمکی آمیز خطوط کس نے بھیجے؟ سابق وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کے زیرِ اثر یا ہمدرد گروپ ججز کو دھمکی آمیز خطوط بھیجنے میں شامل ہوسکتا ہے۔
نجی ٹی وی (ایکسپریس نیوز) کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ججز کو دھمکی آمیز خطوط لکھنے کا فائدہ تحریکِ انصاف کو پہنچ رہا ہے۔ ملکی معاملات کو بگاڑنا تحریکِ انصاف کے حق میں ہے۔ عدالتوں میں ہمارے خلاف کوئی کیس نہیں۔
گفتگو کے دوران رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہمیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریلیف دیا۔ ہم کیوں ججز کو دھمکی آمیز خطوط بھیجیں گے؟ ججز کو دھمکی آمیز خطوط لکھنے کا معاملہ بنیادی طور پر عدلیہ کی آزادی کے خلاف ہے۔ عدلیہ کو اپنی خوداحتسابی بھی کرنا ہوگی۔
سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر عدلیہ کو اسٹیبلشمنٹ سے گلہ ہو تو بے شک ان سے بھی مذاکرات کریں۔ معزز جج صاحبان معاملہ سامنے آتے ہی ایگزیکٹو کو کہتے کہ معاملے کی تحقیقات کرائیں۔ جب تک اندر سے لوگ ملے ہوئے نہ ہوں، حکومت یا اسٹیبلشمنٹ مداخلت نہیں کرسکتی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








