کراچی: عید الفطر کی آمد آمد ہے، ٹرانسپورٹرز نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیشِ نظر کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مقامی سطح پر کرائے 5 سے 10 روپے جبکہ شہر تا شہر آمدورفت کیلئے 100 روپے سے 300 روپے فی کس تک بڑھا دئیے ہیں۔
شہرِ قائد میں دیگر شہروں سے آئے ہوئے افراد پنجاب سمیت دیگر شہروں میں واقع اپنے آبائی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔ عیدالفطر سے قبل 9اپریل کام کرنے والے شہریوں کیلئے آخری فعال دن ہوگا۔
رواں ماہ 10اپریل سے عیدالفطر کی تعطیلات کا آغاز ہوگا تاہم کچھ لوگ اضافی چھٹیاں لے کر بھی اپنے آبائی گاؤں یا شہروں کی طرف سفر کریں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے سفر کیلئے خصوصی ہدایات جاری کردیں۔
سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بدھ کے روز ٹرانسپورٹ ٹرمینل اونرز سمیت بڑے ٹرانسپورٹرز کے ہمراہ اجلاس منعقد کیا اور عید کی تعطیلات کے دوران بسوں میں اوور لوڈنگ سمیت دیگر شکایات کا جائزہ لیا۔
ضلعی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایات جاری کیں کہ عید کی تعطیلات کے دوران اوور لوڈنگ اور اضافی کرایوں سے اجتناب برتیں تاہم ٹرانسپورٹرز نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں کے پیشِ نظر اضافی کرایوں کے حق میں دلائل دئیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








