اسلام آباد: رواں ماہ اپریل کے آخر میں آئی ایم ایف کا اجلاس ہوگا جس کے ایجنڈے میں پاکستان کا اقتصادی جائزہ شامل نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ نے 29 اپریل تک کا شیڈول جاری کردیا۔ آئی ایم ایف بورڈ اجلاس کے ایجنڈے میں فی الحال پاکستان کا اقتصادی جائزہ شامل نہیں۔ پاکستان کا آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ 20 مارچ کو طے ہوا تھا۔
پاکستان کو ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے آئی ایم ایف سے 1.1ارب ڈالر کی آخری قسط ملنے کی توقع ہے جبکہ آخری قسط کی حتمی منظوری کے ساتھ ہی پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ ختم ہوجائے گی جبکہ پاکستان ایک اور معاہدے کیلئے بھی تیار ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے معاملے پر ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اپریل کے آخر میں بلانے کا عندیہ دیا گیا تھا، تاہم 29 اپریل کو ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کے ایجنڈے سے فی الحال پاکستان کا اقتصادی جائزہ آؤٹ ہے۔ پاکستان کی اقتصادی ٹیم صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے مذاکرات کیلئے وفد کے ہمراہ امریکا پہنچے تھے۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات کا مقصد نئے بیل آؤٹ پیکیج کیلئے مذاکرات کرنا تھا۔ ائیرپورٹ پر پاکستانی سفیر سردار مسعود خان اور عملے نے ان کا استقبال کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








