اسلام آباد: ضمنی الیکشن کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں میں پولنگ کا عمل آج صبح سے جاری ہے جس کے دوران انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) کے مطابق آج قومی اسمبلی کے 5اور صوبائی اسمبلیوں کے 16 حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا عمل پر امن طور پر جاری ہے۔ پنجاب سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 اور این اے132 میں ضمنی الیکشن ہورہا ہے۔
کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 22، 32، 36، 54، 33 اور 139 میں پولنگ ہورہی ہے۔ پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 147 اور 149 میں بھی ضمنی الیکشن جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب کے حلقوں پی پی 158، 164، 266 اور 290 میں بھی پولنگ ہورہی ہے۔ پنجاب میں انتخابی عمل کیلئے 2 ہزار 601 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی بھی 2 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا معرکہ جاری ہے۔ کے پی کے میں این اے 8 اور این اے 44 پر پولنگ کا عمل ہورہا ہے۔
کے پی کے میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 22 اور 91 میں ضمنی انتخابات جاری ہیں۔ صوبے میں ضمنی الیکشن کیلئے 49 امیدوار ایک دوسرے کے مدِ مقابل میدان میں اتر چکے ہیں۔
اس حوالے سے خیبر پختونخوا میں 892پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 139 حساس ہیں۔ بلوچستان میں پی بی 20 اور 22 کے حلقوں میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ ہورہی ہے۔
حکومت نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر فوج تعینات کرنےکی منظوری دے دی۔پولیس سکیورٹی پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جبکہ فوجی اہل کار تیسرے حصار میں فرائض انجام دیں گے۔
تاہم ضمنی انتخابات کے دوران بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کی گئی ہے۔
پی ٹی اے کا اپنے ضمنی الیکشن کے حوالے سے جاری اعلامیے میں کہنا ہے کہ موبائل فون سروس معطل کرنے کا فیصلہ انتخابی عمل کو بلا تعطل اور شفاف بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








