تحریکِ انصاف نے سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کے طبی معائنے سے متعلق حقائق کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ کو مزید قید میں رکھنا ان کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) کی رپورٹ کے مطابق تحریکِ انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے طبی معائنے میں ابتدائی طور پر سامنے آنے والے حقائق کو تشویشناک قرار دیا۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہمارے خدشات کی تصدیق ہوگئی۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کو مزید قید میں رکھنا ان کی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا۔ طبی رپورٹ ہمارے خدشات کی تصدیق کرتی ہے۔ عدالتی حکم پر سرکاری ڈاکٹر اور ذاتی معالج کی موجودگی میں طبی معائنہ ہوا ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے دوران بشریٰ بی بی کی خوراک کی نالی اور معدے میں تیزاب کی زائد مقدار اور زخم واضح تھے۔ سابق خاتونِ اوّل کے جسم پر اثرات سے زہر کی نوعیت اور خطرات واضح ہوجاتے ہیں۔
بشریٰ بی بی کو زہریلا مواد دئیے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ترجمان تحریکِ انصاف نے مطالبہ کیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ کو زہر دینے کی تحقیقات کرائی جائیں۔ واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کو کھانے میں ٹوائلٹ کلینر دئیے جانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








