کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ (ایل ایس ای جی) کے ساتھ ماحولیات، سماجی تحفظ اور گورننس (ای ایس جی) پر باہمی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کردئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک تاریخی پیشرفت میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ (ایل ایس ای جی) کے ساتھ ماحولیات، سماجی اور گورننس (ای ایس جی) پر ایک باہمی مفاہمت پر دستخط کیے جس کے تحت دونوں کمپنیاں معیاری ای ایس جی ڈیٹا ٹولز کا ایک مجموعہ تیار کرنے کے لیے کام کریں گی۔
ای ایس جی ڈیٹا ٹولز کا یہ مجموعہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی لسٹڈ کمپنیاں اپنی ای ایس جی ڈیٹا رپورٹنگ کے لیے استعمال کر سکیں گی۔ اس تفہیم سے پی ایس ایکس ا ور لسٹڈ کمپنیوں کویہ فائدہ ہوگا کہ یہ پلیٹ فارم نہ صرف ای ایس جی اسکورنگ فراہم کرے گا بلکہ کمپنیوں کو عالمی ای ایس جی ریڈارز پر آنے میں بھی مدد ملے گی۔
ای ایس جی پر پی ایس ایکس کے وژن سے ہم آہنگ، یہ پیش رفت ایکسچینج کے ای ایس جی کی جانب کئے جانے والے اقدامات کے سلسلے میں ایک اہم کڑی ہے۔ اس تعاون کے ذریعے پی ایس ایکس نے عالمی معیارات کے مطابق ای ایس جی رپورٹنگ کو اپنانے میں لسٹڈ کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بنیاد فراہم کردی ہے۔
لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے ساتھ باہمی مفاہمت پر دستخط کرنے پر بات کرتے ہوئے پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ ایچ خان نے کہا کہ لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے ساتھ مفاہمت پر دستخط کرنے سے خدمات کا ایک جامع مجموعہ دستیاب ہوتا ہے جو متعلقہ کمپنیوں کے لیے پیش کیاجائے گا۔
ایم ڈی فرخ ایچ خان نے کہا کہ ایل ایس ای جی کے ساتھ اشتراک ہمارے وژن کے ساتھ ہم آہنگ ہے تاکہ لسٹڈ کمپنیوں کے لیے ای ایس جی کے سفر کو اگلی سطح تک لے جا سکے۔مجھے یقین ہے کہ اس سے پاکستان اور ہماری لسٹڈ کمپنیوں کی مقامی اور عالمی سطح پر موجودگی اور پروفائل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ندیم نجار، منیجنگ ڈائریکٹر،ایل ایس ای جی برائے وسطی و مشرقی یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ کا کہنا تھاکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ساتھ یہ تعاون ای ایس جی رپورٹنگ اور طریقوں کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں جانب کی مشترکہ کوششوں میں ایک اہم پیشرفت ہے جس کا مقصد پاکستانی کمپنیوں کی مدد کرنا ہے۔
پی ایس ایکس کی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد اختر نے اپنے کلیدی خطاب میں کہاکہ ہمیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے درمیان تعاون کا ایک معاہدہ ہوا ہے۔ پی ایس ایکس بورڈ یہ امید رکھتاہے کہ پاکستان لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے تجربے سے بہت کچھ سیکھے گا۔
ڈاکٹر شمشاد اختر کا کہنا تھاکہ لسٹڈکمپنیوں کو ای ایس جی کے ذریعے پائیداری اور ذمہ دارانہ سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرنے کی ترغیب دینا چاہتے ہیں۔ ہمیں کاربن کے اخراج کو کم کرنے اور سماجی اہداف اور اچھی حکمرانی کی حمایت پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔اس دوران چیئرمین ایس ای سی پی نے بھی خطاب کیا۔
چیئرمین ایس ای سی پی، عاکف سعید نے اپنے خصوصی خطاب میں ایل ایس ای جی کے ساتھ پی ایس ایکس کے تعاون کو مبارکباد پیش کی، جس سے لسٹڈ کمپنیوں کے لیے ای ایس جی کنٹری بیوشن ٹولز تک رسائی ممکن ہوئی۔ انہوں نے کیپیٹل مارکیٹ کے فریم ورک میں پائیداری کے مثبت انضمام پر روشنی ڈالی۔
ایس ای سی پی کے سربراہ عاکف سعید کا مزید کہنا تھا کہ ایس ای سی پی کی آئندہ ای ایس جی ڈسکلوژر گائیڈلائنز، اور اس سال ای ایس جی سسٹین پورٹل کا اجراء مضبوط مارکیٹ میں پائیداری اور تعاون کے لیے کوششوں میں اضافہ کرے گا۔واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے مفاہمت کا معاہدہ ایک اہم پیشرفت ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








