اسلام آباد: ماضی میں بالی ووڈ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے پاکستانی اداکار عمران عباس نے کہا ہے کہ سنجے لیلا بھنسالی نے میری تصدیق کرکے تنقید کرنے والوں کے منہ بند کردئیے۔
نجی ٹی وی (ایکسپریس نیوز) کی رپورٹ کے مطابق ماضی میں عمران عباس نے اپنے انٹرویوز کےدوران انکشاف کیا کہ بالی ووڈ سے ان کو عاشقی 2 اور رام لیلا جیسی فلموں میں اداکاری کی پیشکش ہوئی تھی، تاہم انہوں نے پیشکش مسترد کردی۔
بعد ازاں کئی یوٹیوبرز اور بلاگرز نے عمران عباس کے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران عباس شہرت کیلئے ایسے بیان داغتے ہیں تاہم حال ہی میں بھارتی فلمساز سنجے لیلا بھنسالی نے کہا کہ وہ ہیرا منڈی میں عمران عباس اور ماہرہ کو چانس دینا چاہتے تھے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عمران عباس کا کہنا ہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کا وضاحتی بیان پر ممنون ہوں، میرے پیارے یوٹیوبرز اور صحافیوں کو مشورہ ہے کہ دیگر ہدایتکاروں سے بھی تصدیق کریں کہ مجھے بالی ووڈ فلموں کی آفر ہوئی تھی یا نہیں۔
عمران عباس نے کہا کہ مجھے جھوٹا کہے جانے کا نہیں بلکہ اس بات کا افسوس ہے کہ ہم اپنے ہی فنکاروں کو نیچا دکھاتے ہیں، یہ دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کہ لوگ ہمارے بارے میں نام نہاد صحافیوں اور یوٹیوبرز کے توہین آمیز تبصروں پر یقین کرلیتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








