لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ مزدور پر اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت شاہ خرچیوں میں کمی کیلئے پر عزم ہے، مزدور کی تنخواہ میں اضافہ کرنے کی کوشش ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں عالمی یومِ مزدور کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی عام انسان کی زندگی اجیرن بنا چکی ہے، تیل کی قیمتیں کم ہوئیں لیکن اسے مہنگائی کا متبادل نہیں کہا جاسکتا۔
تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ مزدور روزانہ اخراجات بہت مشکل سے برداشت کرتا ہے۔ نبئ کریم ﷺ نے تعلیم دی کہ امیر اور غریب کا فرق کم کریں اور مزدور کی اجرت اس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کردینی چاہئے۔
خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ میرے مرحوم والد مزدور تھے جو پاکستان بننے سے قبل پاکستان آئے اور 6 بھائیوں کے ہمراہ لاہور کی فیکٹری میں مزدوری کی، وہ لاہور کے کالج میں داخلہ لے کر شام کو مزدوری کیا کرتے تھے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مزدور کو جائز حق نہ ملا تو پاکستان ترقی نہیں کرے گا، سفارش رائج ہوچکی ہے، کھربوں کرپشن کی نذر ہوجاتے ہیں، حکومت کرپشن کا خاتمہ کرنے والی ہے، پاکستان امیر، غریب، یتیم اور بیوہ سب کا ہے۔
شاہ خرچیوں میں کمی؟
حال ہی میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہوتے ہوئے ن لیگی قیادت کے فیصلے کے تحت اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم کا عہدہ دیا گیا ہے جس کے بعد شہباز شریف کیلئے بطور وزیراعظم کام کرنا مشکل ہوچکا ہے، ایسے میں شاہ خرچیوں میں کمی لانا حکومت کیلئے بڑا چیلنج ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








