پاکستان کی سیاسی صورتحال اور مہنگائی اصلاحات متاثر کرسکتی ہے۔آئی ایم ایف

تازہ ترین

تازہ ترین

آئی ایم ایف
(فوٹو: آن لائن)

عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیاسی صورتحال اور مہنگائی اصلاحات متاثر کرسکتی ہے۔ پی ٹی آئی سے وابستہ آزاد امیدوار 8فروری کے انتخابات میں دیگر جماعتوں سے زیادہ ووٹ لینے میں کامیاب رہے۔

نجی ٹی وی (جیو نیوز) کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی سامنے آنے والی دستاویزات میں پاکستان میں انتخابات کے باوجود سیاسی بے یقینی برقرار رہنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ نئی حکومت اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کی پالیسی جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا کہنا ہے کہ معاشی پالیسیوں کو نافذ نہ کرنے، کم بیرونی فنانسنگ کے باعث قرضوں اور ایکسچینج ریٹ کے بڑھ جانے کا خدشہ ہے۔ بیرونی فنانسنگ میں تاخیر ہوئی تو حکومت بینکوں سے قرض لینے پر مجبور ہوجائے گی۔

مذکورہ دستاویزات میں آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ اگر حکومت بینکوں سے قرض لیتی ہے تو اس سے نجی شعبے کیلئے قرض کی گنجائش جو پہلے ہی کم ہے، مزید کم ہوجائے گی۔ پیچیدہ سیاسی صورتحال، مہنگائی اور سماجی تناؤ سے اصلاحات کا نفاذ مشکل ہوجائے گا۔

دستاویزات کے مطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتیں، شپنگ میں مشکلات یا سخت عالمی معاشی حالات بیرونی استحکام کو متاثر کرسکتے ہیں۔ پاکستان میں دو بڑی جماعتوں کی مخلوط حکومت کے باوجود پی ٹی آئی سے وابستہ آزاد امیدوار زیادہ ووٹ لے چکے ہیں۔

Related Posts