قومی ہاکی ٹیم کا شاندار استقبال، وزیراعظم نے ملاقات کیلئے بلالیا، انعامات کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو ڈیجیٹل میڈیا

قومی ہاکی ٹیم اذلان شاہ کپ میں شاندار کھیل کے بعد ملائیشیا سے لاہور پہنچ گئی جہاں ایئرپورٹ پر ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا۔

ٹیم کا استقبال کرنے والے آفیشلز میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے، اس موقع پر رانا مشہود احمد نے کہا کہ پاکستان کی ہاکی کا مستقبل دوبارہ روشن ہو رہا ہے، میرٹ کی بنیاد پرٹیم کو سلیکٹ کیا، وزیر اعظم ہاکی ٹیم کےلیےانعامات کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل میچ براہ راست دکھانے پر وزیر اطلاعات کے شکرگزار ہیں، آئندہ بھی حکومت ہاکی کے فروغ کےلیے کام کرے گی۔

اس موقع پر کپتان ہاکی ٹیم عماد بٹ نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی سے بہت خوش ہوں، بھرپور حوصلہ افزائی پر وزیر اعظم اور اسپورٹس بورڈ کا شکرگزارہوں، ایک وقت آئے گا یہی ٹیم ورلڈ کپ لیکر آئے گی۔

اذلان شاہ ہاکی کپ کا فائنل میچ پاکستان اور جاپان کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان کو پینلٹی شوٹس میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، مقابلہ 2-2 سے برابر رہا جس پر میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹس پر کیا گیا۔

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ہاکی ٹیم نے سلور میڈل اپنے نام کیا۔ دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کھیل پیش کرنے پر چاندی کا تمغہ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو 10لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی ٹیم کو ان کی عمدہ کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعظم نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پی ایم ہاؤس بھی مدعو کر لیا۔ ذرائع کے مطابق 2 دن میں قومی ہاکی ٹیم کو وزیر اعظم ہاؤس میں بلایا جائے گا۔

Related Posts