لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعظم ذوالفقار بھٹو کی تصویر کرنسی نوٹ پر شائع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے باضابطہ قرارداد پیش کردی ہے۔
نجی ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے زیر اہتمام ’’بھٹو ریفرنس اور تاریخ‘‘ کے موضوع پر لاہور میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا ہے، جس کے مہمان خصوصی چیئرمین پی پی پی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق قرارداد کے متن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کو قومی ہیرو کا درجہ دیا جائے، شہید ذوالفقارعلی بھٹو کو پاکستان کے اعلیٰ سول اعزاز سے نوازا جائے، ذوالفقار علی بھٹو کے مزار کو قومی شہید کا درجہ دیا جائے۔
ذوالفقار بھٹو کی تصویر کی گونج بھارت تک
ایک اور نجی ٹی وی (آج نیوز) کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے بھی اس خبر پر توجہ دی جا رہی ہے اور اسے باقاعدہ طور پر ویب سائٹ کا حصہ بنایا جا رہا ہے جبکہ این ڈی ٹی وی کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ طور پر خبر شائع کردی گئی۔
آج نیوز کے مطابق این ڈی ٹی وی کی خبر میں بتایا گیا کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم کی تصویر کرنسی نوٹ پر پبلش کرنے کے حوالے سے سیمینار میں قرار داد منظور کر لی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی سمیت ذوالفقار بھٹو کے مداح انہیں قائدِ عوام قرار دیتے ہیں۔
مطالبہ جائز یا ناجائز؟
کرنسی نوٹ پر ذوالفقار علی بھٹو کی تصویر شائع کرنے کا مطالبہ اس حوالے سے ناجائز محسوس ہوسکتا ہے کہ پاکستانی کرنسی نوٹ پر صرف قائدِ اعظم محمد علی جناح کی تصویر شائع کی جاتی ہے جو بابائے قوم اور بانئ پاکستان ہیں جن کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔
تاہم ملکی تاریخ میں خصوصی کرنسی نوٹ کی صورت میں سر سیّد احمد خان سمیت تحریکِ آزادی کے دیگر رہنماؤں کی تصاویر شائع کرنے کی مثال موجود ہے۔ اس لیے پیپلز پارٹی کا یہ مطالبہ کہ ذوالفقار علی بھٹو کی تصویر کرنسی نوٹ پر شائع کی جائے، ناجائز نہیں کہاجاسکتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








