معروف اداکار عارف زکریا اور ایرا دوبے نکھل ایڈوانی کی ہدایتکاری میں بھارتی ٹی وی سیریز فریڈم ایٹ مِڈ نائٹ میں قائدِ اعظم اور فاطمہ جناح کے کردار میں نظر آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق 14 اگست 1947 کو معرضِ وجود میں آنے والے پاکستان اور 15 اگست کو اپنا یومِ آزادی منانے والے بھارت کے درمیان تاریخی سطح پر بہت سے اختلافات موجود ہیں، بھارتی ٹی وی سیریل میں تاریخ کو بھارت کے نقطۂ نظر سے بیان کیا جائے گا۔
ہفتے کے روز سامنے آنے والی پیشرفت کے مطابق ڈراما سازوں نے فریڈم ایٹ مڈ نائٹ نامی کتاب کی کہانی پر مبنی ٹی وی سیریل تشکیل دیا ہے جسے دو مغربی مصنفین نے تحریر کیا جبکہ یہ ڈرامہ سیریز جلد سونی لیو پر اسٹریم کیا جانے والا ہے۔
ڈرامہ سیریز فریڈم ایٹ مڈنائٹ کو اسٹوڈیونیکسٹ اور ایڈوانی کی انٹرٹینمنٹ کمپنی مشترکہ طور پر پروڈیوس کر رہے ہیں جس میں برطانوی سامراج سے پاکستان اور بھارت کی آزادی کے متعلق واقعات کے حقائق بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا جارہاہے۔
انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں بھارتی ٹی وی چینل سونی لیو کا کہنا ہے کہ ہم ایک سیاسی تھرلر کے ذریعے بھارت کی آزادی کے سال میں ہونے والے واقعات اور تاریخ کی بااثر شخصیات کا احاطہ کریں گے جنہوں نے بھارت کی قسمت کا فیصلہ کیا۔
دوسری جانب علی زکریا اور ایرا دوبے نے بالترتیب قائد اعظم محمد علی جناح اور فاطمہ جناح جیسے تاریخ کے ناقابلِ فراموش کرداروں کا رول نبھانے کے متعلق اپنی خوشی اور جوش و خروش کا اظہار کیا ہے، تاہم اس سیریز کی اصل کہانی سامنے آنا باقی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








