بیو پاری حضرات کیلئے ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی کی ریٹ لسٹ جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

مویشی منڈی
(فوٹو: سماء ٹی وی)

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ناردن بائی پاس پر ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی 2024 میں بیو پاری حضرات کے لیے ریٹ لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مویشی منڈی میں فی جانور کی فیس اور پلاٹوں کے حصول کے لیے ریٹ لسٹ جاری کردی گئی ہے، مویشی منڈی کے پلاٹس کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے پہلی کیٹگری وی وی آئی پی، دوسری کیٹیگری وی آئی پی اور تیسری کیٹگری جنرل بلاکس کی ہے ۔

ناردن بائی پاس سے مویشی منڈی میں داخل ہونے کے ساتھ سیدھے ہاتھ پر وی وی آئی پی بلاک بنایا گیا ہے، اس بلاک کا نام رحیم یار خان بلاک رکھا گیا ہے۔ وی وی آئی پی بلاک میں ایک پلاٹ کی قیمت 2لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے اور ان بلاکس میں تمام کیٹل فارمرز کے بڑے جانوروں کے اسٹال موجود ہوں گے۔

مویشی منڈی میں دوسرا بلاک وی آئی پی بلاک ہوگا، اس میں دو کیٹگریز ہوں گی۔ پہلی گولڈن کے نام سے اور دوسری سفائر کے نام سے ہوگی، جس میں ایک پلاٹ کی قیمت ایک لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور اسی طرح تیسری کیٹگری جس کا نام جنرل بلاک ہوگا، اس میں مزید آٹھ بلاکس مختلف ناموں سے ہوں گے۔

جنرل بلاک کیٹگری میں پہلے بلاک کا نام خیبر پختون خوا، دوسرے کا سندھ، تیسرے کا کراچی، چوتھے کا پنجاب، پانچویں کا سبی، چھٹے کا گڈاپ، ساتویں کا گلگت بلتستان اور آٹھویں بلاک کا نام بلوچستان بلاک رکھا گیا ہے۔

مویشی منڈی انتطامیہ کا کہنا ہے کہ جنرل بلاکس میں پلاٹ کی کوئی فیس نہیں ہوگی لیکن جانوروں کی فیس وصول کی جائے گی جس میں ایک گائے، بیل یا اونٹ فی جانور کی فیس4 ہزار 250 روپے ہوگی جبکہ بکرے کی فیس 2ہزار روپے فی بکرا ہوگی۔

مویشی منڈی میں فی جانور کو 30 لیٹر پانی فراہم کیا جائے گا، مویشی منڈی میں بکرا منڈی کے لیے دو کیٹگریز بنائی گئی ہیں جن میں سے پہلی کیٹگری وی وی آئی پی اور دوسری کیٹگری وی آئی پی ہے۔ پہلی کیٹگری وی وی آئی پی بلاکس میں جو بکرے کے لیے بنائی جائے گی، وہاں پر ایک پلاٹ کی قیمت 75 ہزار روپے ہوگی۔

دوسری جانب وی آئی پی بلاک میں ایک پلاٹ کی قیمت 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ 12 مئی بروز اتوار کی صبح نو بجے سے پلاٹوں کی بکنگ اور جانوروں کی انٹری کے حوالے سے بکنگ کا آغاز ہو چکا ہے۔ مویشی منڈی میں بکنگ کے لیے آنے والے بیوپاریوں کے لیے مارشلنگ ایریا میں بکنگ کا کام شروع ہو گیا ہے۔

اسی طرح مویشی منڈی میں مجموعی طور پر مویشی منڈی 2024 میں 11 بلاکس بنائے گئے ہیں۔واضح رہے کہ ہر سال عید الاضحیٰ کیلئے قربانی کیلئے ملک بھر سے جانور لائے جاتے ہیں اور ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی کراچی میں سجائی جاتی ہے۔

Related Posts