شہرِ قائد کے علاقے سپر ہائی وے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں نجی یونیورسٹی کا جواں سال طالبِ علم نہال جاں بحق ہوگیا ہے۔
نجی ٹی وی (جیو نیوز) کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ مقتول نہال کی عمر 22 سال تھی جو اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا ہے اور نجی یونیورسٹی میں تعمیرات کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ فائرنگ کے نتیجے میں مقتول کا 32سالہ ماموں زخمی ہوگیا ہے۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ڈکیت مقابلے کے دوران ہلاک ہو گئے جبکہ مقتول نہال کے ماموں نے کہا کہ نجی یونیورسٹی کے مقتول طالبِ علم نے لائسنس یافتہ اسلحے سے دونوں ڈاکوؤں کو مارا۔ ملزمان نے نہال اور اس کے ماموں پر سفر کے دوران فائرنگ کی۔
مقتول نہال اپنے ماموں کے ہمراہ سعدی ٹاؤن سے نارتھ ناظم آباد جارہا تھا جس کے دوران موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی کوشش کی، مقتول نہال اور ماموں نے مزاحمت کی۔ نہال کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ ڈاکوؤں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول نہال کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے جبکہ ہلاک ڈاکوؤں کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








