ژوب میں آپریشن کے دوران پاک فوج کا میجر شہید، 3 دہشت گرد ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

میجر بابر خان
(فوٹو: آئی ایس پی آر)

صوبہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران پاک فوج کے 33 سالہ میجر بابر خان شہید ہو گئے ہیں جبکہ دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ژوب کے علاقے سمبازہ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی جس کی قیادت میجر بابر خان کر رہے تھے، فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 33 سالہ میجر شہید ہوگئے جن کا تعلق میانوالی سے ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میجر بابر خان بے جگری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، بہادر سپاہیوں کی قربانیاں پاک فوج کے عزم و ہمت کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں سراغ لگایا گیا جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیرنس آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج بلوچستان کے امن اور ترقی تباہ کرنے کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہے۔

Related Posts