انڈیا کے سابق لیجنڈری بیٹسمین، عظیم کرکٹر اور بھارت رتن ایوراڈ حاصل کرنے والے سچن ٹنڈولکر کی حفاظت کے لیے مامور اسٹیٹ ریزرو پولیس فورس (ایس آر پی ایف) کے ایک جوان نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا ہے۔
انڈین ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق سچن ٹنڈولکر کے سیکورٹی گارڈ 39 سالہ پرکاش کاپڈے اپنے آبائی شہر میں موجود تھے جہاں انہوں نے مبینہ طور پر اپنے سروس پسٹل کا استعمال کرتے ہوئے خود کو گردن میں گولی مار دی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ نے اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ جیمر پولیس اسٹیشن میں سینئر پولیس انسپکٹر کرن شندے کے مطابق یہ واقعہ بدھ کے دن پیش آیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس غیر متوقع واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ابھی موت کی حقیقی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








