پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی کے لیے مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کو ڈیڈ لائن دے دی۔
علی امین گنڈاپور نے اس سلسلے میں اپنے انتباہی پیغام میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت صوبے میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کے لیے فوری شیڈول جاری کرے، اگر شیڈول جاری نہ ہوا تو پیسکو چیف کے دفتر جاکر خود شیڈول دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پیسکو نے ہمارے شیڈول پر عمل نہ کیا تو سارے نظام کو صوبائی حکومت اپنے کنٹرول میں لے لے گی، ہم خود یہ نظام چلاتے ہوئے بتائیں گے کہ نظام کیسے چلتا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ لوگ شرافت کی زبان نہیں سمجھتے اس لیے اب انھیں الگ طریقے سے سمجھانا پڑے گا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جہاں دس سے بارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے وہاں پانچ سے چھ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائے اور جہاں پندرہ سے سولہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہے وہاں آٹھ سے دس گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جائے۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ مرکز کو واضح کہا ہے کہ جو بقایا جات ہیں وہ ہمارے پیسوں سے کاٹ لیں، ہمیں بجلی چور نہ کہا جائے۔
انہوں نے دھمکی دی کہ اگر بجلی لوڈشیڈنگ میں کمی نہ آئی تو پھر ہم انھیں نظام نہیں چلانے دیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








