ایک ایسے موقع پر جب ملک میں موسیقی کے مقابلے اور کنسرٹس ہو رہے ہیں، پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے کراچی میں دلکش آواز میں اذان دینے کی منفرد کمپٹیشن کا انعقاد کیا ہے۔
“مقابلہ حسنِ اذان” کے عنوان سے منعقدہ اس منفرد ایونٹ میں ملک بھر سے خوش آواز موذنین نے شرکت کی۔ مقابلے کا انعقاد المرکز الاسلامی گلبرگ ٹاؤن میں ہوا۔
پروگرام میں مرکزی مسلم لیگ سندھ و بلوچستان کے صدر فیصل ندیم، کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ممبر مفتی محمد یوسف کشمیری سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حسن اذان مقابلے میں پوزیشن لینے والے مؤذن حضرات کو خصوصی شیلڈ اور کیش پرائزز سے نوازا گیا۔
حسن اذان پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ کے رہنما فیصل ندیم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک نظریے کی بنیاد پر بنایا گیا تھا، جس کی خاطر لاکھوں قربانیاں پیش کی گئیں۔ بدقسمتی سے ہمارے حکمران اور سیاسی جماعتیں نوجوانوں کی نظریہ پاکستان پر تربیت کرنے کے بجائے موسیقی اور لہو و لعب کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں جو افسوس ناک عمل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حسن اذان یہ مقابلہ نہیں بلکہ یہ اپنی ثقافت سے لوگوں کو روشناس کرانے کا ایک چھوٹا سا عمل ہے۔ اللہ نے چاہا تو حمد و نعت کے مقابلے بھی کرائیں گے۔
احمد ندیم اعوان نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا تھا لیکن ایک منظم سازش کے تحت ہمارے نوجوانوں کو اسلام اور نظریہ پاکستان سے دور کیا جا رہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں موسیقی کے مقابلوں اور پرکشش انعامات کا لالچ دراصل نوجوانوں کو بے راہ روی کی طرف راغب کرنے کی سازش ہے۔
پاکستان مرکزی مسلم لیگ ہر میدان میں پاکستان اور اس کی نظریاتی اساس کا تحفظ کرے گی۔ نوجوانوں کوموسیقی کے بجائے اسلامی تعلیمات سے روشناس کرائیں گے۔
مقابلہ حسن اذان میں پہلی پوزیشن کراچی سے تعلق رکھنے والے سعود شریم، دوسری پوزیشن صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے محمد سلیمان، جبکہ تیسری پوزیشن کراچی ہی سے تعلق رکھنے والے سید معاذ الرحمن عبیدی نے حاصل کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








