کراچی: سندھ کے وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کے الیکٹرک نے گزشتہ 10 سالوں میں صوبائی حکومت کو اربوں روپے کی اووربلنگ کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر توانائی نے کہا کہ کے الیکٹرک نے گزشتہ 10 سالوں کے دوران سندھ حکومت کے محکموں سے 20 ارب روپے اضافی وصول کیے ہیں۔
سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ “کرائے گئے ایک آڈٹ میں صرف گزشتہ سال کے دوران 2 ارب روپے سے زائد کی اوور بلنگ کا انکشاف ہوا ہے۔”
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ اوور بلنگ کی روک تھام کے لیے صوبائی حکومت نے کے الیکٹرک کو اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے لیے اربوں روپے بھی دیے تھے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کے ای نے اربوں روپے وصول کرنے کے باوجود سندھ حکومت کے محکموں میں ابھی تک اسمارٹ میٹر نصب نہیں کیے ہیں۔
وزیر نے کہا کہ اسمارٹ میٹر رئیل ٹائم ڈیٹا فراہم کرتے اور اوور بلنگ کو روکتے ہیں۔وزیر نے کہاکہ جب سرکاری ادارے اربوں روپے سے زائد وصول کیے جائیں گے تو شہریوں کا کیا حال ہوگا؟
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ شہریوں کو کے ای کی اوور بلنگ سے بچانے کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی بھی بنائی جائے گی۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کراچی کے عوام کمپنی کے اوور بلنگ کے طریقوں سے متاثر نہ ہوں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








