بھارتی میڈیا نے الزام عائد کیا ہے کہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے قتل کیلئے اسلحہ پاکستان سے درآمد ہونے والا تھا۔ لارنس بشنوئی گینگ اے کے 47، ایم 16 اور اے کے 92 کا استعمال کرکے بالی ووڈ اداکار کو قتل کرنے کیلئے تیار تھا۔
نیوز 18 نامی بھارتی میڈیا آؤٹ لیٹ کا دعویٰ ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ ہتھیاروں سے سلمان خان کے گھر پر حملہ کرنے والا تھا۔ سلمان خان کی گاڑی اور ان کے فارم ہاؤس پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔ الزام عائد کیا گیا کہ اسلحہ پاکستان سے درآمد کرنے کی بھی تیاری کی جارہی تھی۔ سکیورٹی ایجنسیوں اور پولیس نے سازش کا پتہ چلا لیا۔
انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ کے خطرناک عزائم بر وقت ناکام بنا دئیے گئے۔ نئی ممبئی پولیس نے لارنس بشنوئی کے 4 شوٹرز کو گرفتار کر لیا جن کی شناخت دھننجے سنگھ، تپے سنگھ، گورو بھاٹیا، واسپی خان اور ذیشان خان عرف جاوید خان کے ناموں سے ہوئی۔ چاروں ملزمان کو سلمان خان کے پنول فارم ہاؤس کی ریکی کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔
لارنس بشنوئی اور انمول بشنوئی سلمان خان کے قتل کی سازش کے اہم ملزمان ہیں۔ بھارتی میدیا کا کہنا ہے کہ گولڈی برار، روہت گودارا، نہرا اور راکی شوٹر سمیت 18 سے زائد ملزمان کے نام مقدمے کے متن میں درج ہیں۔ لارنس بشنوئی گینگ کا کارندہ سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کی نگرانی کر رہا تھا۔ سمپت نہرا سلمان خان کے ممبئی کے گھر سے کچھ فاصلے پر ایک عمارت میں تھا۔
جب نہرا کو پتہ چلاکہ پولیس اس کے پیچھے ہے تو وہ عمارت سے چلا گیا۔ بھارتی میڈیا نے الزام عائد کیا ہے کہ سلمان خان پر حملے اور قتل کیلئے جدید ہتھیاروں کا استعمال کرنے اور پاکستان کے اسمگلروں کے ساتھ معاہدے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ میڈیا نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان سے کسی ڈوگر نامی شخص نے ویڈیو کال میں ملزمان کو بڑے ہتھیار دکھائے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








