بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بینرجی کا کہنا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے اداکاروں سے اسٹارز کے باڈی گارڈز کی تنخواہ بعض اوقات اچھی ہوتی ہے۔
ہندوستان ٹائمز کو دئیے گئے ایک انٹرویو کے دوران فلم بجٹ پر اپنی رائے دینے کو کہا گیا تو ابھیشیک بینرجی نے کہا کہ بجٹ مکمل طور پر اسٹار کیلئے ہوتا ہے جس کیلئے اداکاروں کو الزام نہیں دیا جاسکتا بلکہ اس کا فیصلہ پروڈیوسرز کو کرنا ہوتا ہے۔
انتالیس سالہ اداکار ابھیشیک بینرجی نے کہا کہ جب میں کاسٹنگ ڈائریکٹر کے طور پر کام کررہا تھا تو اسٹارز کی طرف سے ناقابلِ فہم مطالبات سننے کو ملتے تھے اور اب کئی سال ہوگئے ہیں، میں فلموں اور شوز کیلئے کاسٹنگ کررہا ہوں۔
معروف اداکار ابھیشیک بینرجی نے کہا کہ کچھ اسٹارز غیر ضروری مطالبات کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ایکٹرز کو پیسے نہیں ملتے۔ مجھے فلمسازوں سے یہ سننا پڑتا ہے کہ کم پیسوں میں اداکاروں کو کاسٹ کرو۔ مجھے علم نہیں کہ اسٹارز کو اس کا پتہ ہے یا نہیں۔
اداکار ابھیشیک بینرجی نے کہا کہ کبھی کبھی اچھے اداکار کسی شو یا فلم کیلئے جو رقم حاصل کرتے ہیں، اس سے محض مونگ پھلی ہی خریدی جاسکتی ہے۔ لوگ سینما گھروں کا رخ ہی اسٹارز کیلئے کرتے ہیں لیکن اداکار بھی تو کہانی میں جان ڈالنے کا ہی کام کررہا ہوتا ہے۔
اداکار اور اسٹار میں فرق؟
دلچسپ طور پر اداکار ابھیشیک بینرجی کے بیان میں اسٹار اور اداکار کو الگ الگ بیان کیا گیا ہے جس سے مراد کسی بھی کہانی کے مرکزی فنکار اور سپورٹنگ ایکٹرز مراد ہوسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر بالی ووڈ کنگ کہلانے والے شاہ رخ خان کی فلم میں خود شاہ رخ خان کے علاوہ ان کی ہیروئن اور کچھ مزید فنکار اسٹار ہوسکتے ہیں اور باقی سب کو فنکار یا اداکار کہا جاسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








