پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان کی دوبارہ شادی کی افواہیں سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں، مختلف ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔
اپنی نئی مبینہ دلہن دعا کے ہمراہ ایک مختصر ویڈیو میں نظر آنے والے دولہا کو فیروز خان سمجھا جارہا ہے جبکہ ویڈیو میں فیروز خان کی شناخت کو قریب سے واضح نہیں کیا گیا۔ فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا صارف یاسین لاکھانی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں اداکار فیروز خان کو اسٹائلش بلیک کپڑوں میں ملبوس دیکھا جاسکتا ہے جبکہ دلہن نے مہندی کی تقریب کیلئے سنہری لباس پہن رکھا ہے۔
خیال رہے کہ اداکار فیروز خان کی پہلی شادی کا آغاز پریوں کی داستان جیسا خوبصورت رہا تاہم ان کی اہلیہ سے علیحدگی کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی تھی۔ فیروز خان کی سابق اہلیہ علیزے سلطان کے بیانات نے عوامی توجہ حاصل کی تھی۔
سابق میاں بیوی کی شادی سے 2 بچے پیدا ہوئے تھے جن کا مسئلہ عدالت جانے کے بعد ہی حل ہوا۔ اداکار فیروز خان اپنے بیٹے کی کسٹڈی کے متلعق کیس جیت گئے اور علیزے سلطان کے ہمراہ دونوں نے اپنی قانونی جنگ کا باب بند کرنے کا اعلان کیا۔
بچی کی اسکول فیس کے علاوہ اداکار فیروز خان اپنی سابق اہلیہ کے مختلف اخراجات کیلئے 75 ہزار ماہانہ دیتے ہیں اور یوں دونوں کے مابین قانونی جنگ کا حتمی طور پر اختتام ہوچکا ہے۔ دوبارہ شادی کی افواہ پر تاحال اداکار کا ردِ عمل سامنے نہیں آیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








