معروف پاکستانی اداکار فیروز خان نے اپنی دوسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے نئی نویلی دلہنیا کے نام پہلا پیغام جاری کر کے مداحوں کو سرپرائز دے دیا۔
حال ہی میں اداکار فیروز خان کی دوسری شادی کی تصویر اور ویڈیوز جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئیں جس نے نہ صرف اداکار کے مداحوں کو حیران کردیا بلکہ اسی کے ساتھ سوشل میڈیا صارفین فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزہ سلطان سے اظہار ہمدردی بھی کرتے نظر آئے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فیروز خان نے اپنی شادی کا باضابطہ اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ نوبیاہتا دلہنیا کے ہمراہ تصویر جاری کردی۔
انسٹاگرام ہینڈل کا رخ کرتے ہوئے فیروز خان نے اپنے مداحوں کے ساتھ پوسٹ شیئر کی جس میں انہیں اپنی اہلیہ کے ہمراہ دیکھا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر فیروز خان کریم اور سفید رنگ کے کرتہ شلوار میں نظر آئے جبکہ انکی دلہن سرخ عروسی جوڑے میں ملبوس بیٹھی ہوئی ہیں۔
پوسٹ شیئر کرتے ہوئے فیروز خان نے اپنی منکوحہ کے نام محبت بھرا پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ’میری زندگی میں خوش آمدید، خوبصورت’۔
اس کے ساتھ اداکار نے منفرد ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا جو کچھ اس طرح تھا ’کوئی بھی چیز ہمیں نہیں روک سکتی ہم سب راستے میں ہیں۔’
اداکار کا اپنی دوسری شادی کا اعلان کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس جوڑے کو شادی پر نیک تمنائیں موصول ہونا شروع ہوگئیں۔
تبصرہ کرتے صارفین میں ترک اداکار جلال آل بھی موجود تھے جنہوں نے فیروز خان کو زندگی کے نئے سفر پر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا، جلال آل نے لکھا کہ،’ماشاءاللہ بارک اللہ پیارے بھائی۔ مبارک ہو’۔
اسی کے ساتھ شوبز شخصیات بھی فیروز خان اور انکی نئی دلہنیا کیلئے دلی پیغامات بھیج رہے ہیں ۔
یاد رہے کہ فیروز خان نے علیزہ سلطان سے 2018ء میں شادی کی تھی جس کے بعد اس جوڑی کے ہاں 2019ء میں پہلے بیٹے سلطان اور فروری 2022ء میں بیٹی فاطمہ کی پیدائش ہوئی تھی۔ اس جوڑی نے دو بچوں کی پیدائش کے بعد راہیں جدا کرلی تھیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








