کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں ڈکیتی مزاحمت کے ایک واقعے میں نوجوان گولڈ میڈلسٹ انجینئر کو قتل کردیا گیا ہے۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے ضلع شرقی میں پیش آیا۔ گلشن اقبال سے تعلق رکھنے والے گولڈ میڈلسٹ 27 سالہ مکینیکل انجینئر نوجوان ارتقیٰ کو ڈکیتوں نے گلشنِ اقبال میں لوٹ مار کے دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیا۔
مسلح ڈاکوؤں نے دن دہاڑے فائرنگ کرکے انجینئر کو قتل کردیا اور باآسانی فرار ہو گئے۔ ملزمان نے یہ واردات ہفتے کے روز گلشنِ اقبال کے بلاک 7 میں کی۔ نجی اسکول کے قریب فائرنگ سے 27 سالہ ارتقیٰ ولد ندیم جان کی بازی ہار گیا۔
واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او عبدالرسول بگھیو نے کہا کہ مقتول اسی علاقے کا رہائشی تھا جسے ڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیا گیا۔ ملزمان کی فائرنگ سے لگنے والی ایک گولی نے مقتول کی جان لے لی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 27 سالہ انجینئر موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے ڈکیتی کا شکار ہوجاتا ہے۔ 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان پیچھے سے آ کر ارتقیٰ کو روک لیتے ہیں۔ ایک ملزم موٹرسائیکل کی چابی اور موبائل چھین لیتا ہے۔
نوجوان جان بچانے کیلئے قریب کھڑی کار کی طرف بڑھتا ہے تو ایک ملزم بھی اس کے پاس پہنچ جاتا ہے۔ نوجوان اور ملزم کی ہاتھا پائی ہوجاتی ہے اور ملزم نوجوان پر فائرنگ کرکے اسے قتل کردیتا ہے۔ بعد ازاں دونوں ڈاکو فرار ہوجاتے ہیں۔
جواں سال ارتقیٰ کی ایک ماہ پہلے ہی شادی ہوئی تھی جو کراچی کے علاقے پورٹ قاسم میں واقع نجی کیمیکل کمپنی میں بحیثیت اسسٹنٹ منیجر خدمات انجام دے رہا تھا۔ واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








