جنوبی کوریا کو بھیجے گئے کچرے سے بھرے غبارے شمالی کوریا کا بدلہ، مزید غبارے بھی ارسال

تازہ ترین

تازہ ترین

کچرے سے بھرے غبارے
(فوٹو: اے پی)

سیول: جنوبی کوریا کو بھیجے گئے کچرے سے بھرے غبارے شمالی کوریا کا بدلہ نکلے ہیں۔ ماضی میں جنوبی کوریا کی جانب سے شمالی کوریا کو بھی کتابچوں اور ڈرامہ سیریز سمیت دیگر ناپسندیدہ اشیاء سے بھرے غبارے بھیجے جاتے تھے۔شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کو مزید غبارے بھی ارسال کردئیے۔

طویل عرصے سے جنوبی کوریا شمالی کوریا کو غباروں سے مشتعل کرتا آیا ہے جن میں حکومت مخالف کتابچے، جنوبی کوریا کے ڈراموں کے علاوہ چاول اور یو ایس بی تھمب ڈرائیو بھی بھیجی جاتی تھی۔ جنوبی کورین فوج کا کہنا ہے کہ ہماری جانب سے جوابی اقدامات کی وارننگ کے ایک روز بعد ہی شمالی کوریا نے دوبارہ کچرے بھرے غبارے بھیجے۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے رواں ہفتے کے شروع میں تقریباً 260 کچرے بھرے غبارے شمالی کوریا کی جانب سے بھیجے جانے کی تصدیق کی۔ غباروں میں سگریٹ کے بٹ، کھاد اور بے کار بیٹریاں جنوبی کوریا کو تحفتاً ارسال کی گئی تھیں۔ شمالی کوریا کا یہ عمل گری ہوئی حرکت قرار دے دیا گیا۔

جنوبی کوریا نے دھمکی دی کہ اگر شمالی کوریا کی جانب سے نامعقول اشتعال انگیزی بند نہ ہوئی تو ہم جوابی اقدامات اٹھائیں گے۔ اس کے بعد ایک بار پھر جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے اپنے ٹیکسٹ پیغام میں کہا کہ شمالی کوریا نے ایک بار پھر کچرے سے بھرے غبارے جنوبی کوریا بھیج دئیے ہیں۔ عوام غباروں کو نہ چھوئیں۔

پیغام میں کہا گیا کہ عوام غباروں کو ہاتھ لگانے کی بجائے ایسے واقعات کی اطلاع حکومت کو دیں جبکہ شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ ہم نے جو مخلص تحائف ارسال کیے ہیں، وہ ہمارے صدر کے خلاف پراپیگنڈے کے ساتھ شمالی کوریا میں بھیجے گئے غباروں کا بدلہ ہے۔ ماضی میں جنوبی کوریا کے تحائف پر نظر ڈالی جائے تو شمالی کوریا کا بیان جھوٹا ثابت نہیں کیاجاسکتا۔

Related Posts