مظفر گڑھ: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم نے ملک دو لخت کرنے سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا، عوام کے حقوق کیلئے آگے سفر کریں گے۔ جیل آئے یا قبر، یہ مشن پورا کرنا ہے۔
نجی ٹی وی (اے آر وائی) کےمطابق سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے مظفر گڑھ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8فروری کے انتخابات کو مسترد کرتے ہیں۔ اب پاکستان کی حکومت عوام کی مرضی سے بنے گی۔ عوام کے حقوق سے مذاق نہیں کرنے دیں گے۔ ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں۔
جلسے سے خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہم پارلیمان کو عوام کا ادارہ سمجھتے ہیں، اس لیے پارلیمان میں عوامی نمائندوں کی موجودگی ضروری ہے۔ اپنے لوگ مسلط کیے تو ملک کا یہی حشر ہوگا۔ آپ اپنے محلات میں ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر کہتے ہیں کہ عوام کی کیا حیثیت ہے؟
خطاب کے دوران مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ہمیں مقابلہ کرنا آتا ہے اور سیاسی میدان میں ہم مقابلہ کریں گے۔ عوام کو حقوق دینا ہوں گے۔ ورنہ آئین کا تقاضہ پورا نہیں ہوسکتا۔ فورتھ شیڈول جیل کے بدمعاشوں کیلئے بنا جس کا نشانہ علمائے کرام کو بنایا جارہا ہے۔ مدارس کے علماء کو تنگ کیا جاتا ہے۔
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ آپ فورتھ شیڈول سے ہمارا راستہ نہیں روک سکتے۔ 7 ستمبر کو مینارِ پاکستان پر اجتماع کریں گے۔ اسرائیل نے مظلوم فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری کی اور معصوم بچوں کو قتل کردیا۔ اسرائیل کے جنگی جرائم میں امریکا اور یورپ بھی شامل ہو گئے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








