خیبر پختونخوا کے ضلع سوات اور گردونواح کے علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکوں سے تشویش نے جنم لیا ہے، بعض میثیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 4اعشاریہ 8 شدت کا زلزلہ آنے کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکرز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 5اعشاریہ 1 اور زیر زمین گہرائی 195 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز تاجکستان سرحد تھی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلوں کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے مختلف علاقے ایک بار پھر زلزلے سے لرز اٹھے، زلزلے سے متاثرہ علاقوں ملیر، اور گلستانِ جوہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ ماہ آنے والے زلزلے سے زمین لرز اٹھی۔ زلزلہ پیما مرکز کا کہنا تھا کہ کراچی کے علاقے ملیر، گلستان جوہر، سپر ہائی وے پر قائم نجی سوسائٹی اور اطراف سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ریکٹر اسکیل پر مختلف علاقوں میں شہریوں کو محسوس ہونے والے زلزلے کی شدت 2.3 ریکارڈ کی گئی، زلزلہ پیما مرکز کا کہنا تھا کہ زلزلے کا مرکز مشرقی ملیر سے 83 کلومیٹر دور اور اس کی گہرائی 84 کلومیٹر تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








