مدارس کیلئے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم متعارف، جانئے اس سے مدارس کو کیا فائدہ ہوگا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو جامعہ بنوریہ

پاکستان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ دینی درسگاہ جامعہ بنوریہ عالمیہ نے دینی مدارس کے لیے پہلا پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔

اس سسٹم کے نفاذ اور تعارف کیلئے جامعہ بنوریہ میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، یہ نظام جامعہ بنوریہ کے 63 شعبوں اور 768 ملازمین کیلئے پہلے ہی نافذ ہے، تقریب میں جامعۃ الرشید اور دیگر مدارس میں بھی اس نظام کو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعۃ الرشید کے سرپرست اعلیٰ مولانا مفتی عبد الرحیم نے اس نظام کی تیاری اور تنفیذ کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ بنوریہ عالمیہ کا یہ اقدام منفرد، تاریخی اور وقت کی ضرورت ہے، یہ دیگر تعلیمی اداروں کیلئے مشعل راہ ہے، اس کی تیاری پر جامعہ بنوریہ کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔

جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس مولانا ڈاکٹر نعمان نعیم نے اس نظام کی اہمیت اور افادیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مدارس کے لیے پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کا اجرا تاریخی اقدام ہے جس پر میں اپنے رفقاء کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جامعہ بنوریہ میں پہلے ہی یہ نظام رائج ہے، اب اس کو جامعۃ الرشید اور دیگر مدارس میں بھی جلد نافذ کیا جائے گا۔
جامعہ بنوریہ عالمیہ کے ناظم تعلیمات مولانا عبدالحمید خان غوری نے کہاکہ یہ نظام مدارس کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہوگا، یہ مدارس دینیہ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے مدارس کو اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے اور جدید خطوط پر چلانے میں مدد ملے گی۔

مشیر رئیس جامعہ شاہد صدیقی نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس نظام سے ادارے منظم انداز میں آگے بڑھ سکیں گے، اہداف کا تعین، کارکردگی کا جائزہ اور فیڈ بیک کے ذریعہ شعبہ جاتی ملازمین کو ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کی بدولت وقت اور وسائل کا تخمینہ آسان ہوگا، کوالٹی ایشورنس اور بنچ مارکنگ کا نظام متحرک ہوگا اور اس نظام سے شعبوں اور ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لینا آسان ہوگا۔
تقریب میں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے 63 شعبہ جات کے مسؤلین، اساتذہ حدیث، جامعۃ الرشید کراچی کے سینئر اساتذہ اور مدارس منتظمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء کی جانب سے اس نظام کی تیاری اور تنفیذ کو دور حاضر کی ضرورت اور دیگر اداروں کےلئے قابل تقلید و تحسین قرار دیتے ہوئے جامعہ بنوریہ کی اس کاوش پر خراج تحسین پیش کیاگیا۔

Related Posts