ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں شریک پاکستانی ٹیم کے لیے اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
ویڈیو پیغام میں سعودی سفیر نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں شرکت کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اپنے بھائیوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ ان شاء اللہ آپ یہ ٹورنامنٹ جیتیں گے۔
سعودی سفیر نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستانی عوام یقیناً ورلڈ کپ میں ٹیم کی کامیابی کا جشن منائیں گے۔
سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے بھی دعا گو ہوں۔
سعودی سفیر نے کہا کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے پر پاکستانی ٹیم اگلے برس حج پر شاہی مہمان ہو گی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 6 جون کو ڈلاس میں میزبان ٹیم امریکہ کے خلاف کرے گی۔
ٹیم اس کے بعد 9، 11 اور 16 جون کو بالترتیب انڈیا، کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف میچز کھیلے گی۔ گروپ سٹیج کے بعد گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر 8 مرحلے کے لیے ویسٹ انڈیز جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








