اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف دورے کی دعوت موصول ہونے کے بعد 5روزہ دورے کیلئے چین روانہ ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کو چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ نے دورے کی دعوت دی تھی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چینی دارالحکومت بیجنگ کے علاوہ شیان اور شینزین کا بھی دورہ کریں گے۔ دورۂ چین کے دوران وزیراعظم کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے ہوگی جس کے دوران وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ژالیجیان اور اہم سرکاری محکموں کے علاوہ تیل، گیس، توانائی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے متعلق معروف چینی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے، وزیراعظم کا شینزین میں پاک چین بزنس فورم سے خطاب بھی ہوگا۔
پاک چین بزنس فورم میں دونوں ممالک کے معروف کاروباری شخصیات، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار شریک ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف چین میں اقتصادی اور زرعی زونز کے دورے کے علاوہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو مزید بہتر بنانے، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر گفتگو کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور چین اپنی باہمی دوستی کو سمندر سے زیادہ گہرا اور ہمالیہ سے زیادہ بلند قرار دیتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ چین کے دوران سکیورٹی، دفاع، توانائی، خلائی سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم سمیت مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








