ایران کو شکست، پاکستان نے انڈر 18 سینٹرل والی بال چیمپئن شپ جیت لی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: ایشین والی بال چیمپئن شپ)

تاشقند: پاکستان نے ہمسایہ ملک ایران کو شکست دے کر ازبکستان میں منعقدہ انڈر 18 سینٹرل والی بال چیمپئن شپ جیت لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایران انڈر 18 سینٹرل والی بال چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے میں آمنے سامنے تھے۔ فیصلہ کن میچ کے پہلے سیٹ میں پاکستان نے 20، 25 کے اسکور سے شکست کھائی تاہم قومی ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔

پہلے سیٹ میں شکست کے بعد قومی ٹیم نے باقی 4 سیٹ 18، 25، 23، 25اور 27، 25 سے جیت لیے۔ پاکستان نے انڈر 18 سینٹرل والی بال چیمپئن شپ جیتنے کے ساتھ ہی انڈر 20 والی بال چیمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

آئندہ ماہ 28جولائی سے بحرین میں شروع ہونے والی انڈر 20 والی بال چیمپئن شپ کیلئے ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔ انڈر 18 کے فائنل میں قومی ٹیم کے محمد یحییٰ، خضر حیات اور طلال احمد کی کارکردگی شاندار رہی۔

محمد یحییٰ کو انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ کا بااثر ترین پلیئر اور بہترین ہٹر قرار دیا گیا جبکہ طلال احمد کو بہترین سیٹر اور جبران کو بہترین بلاکر کے طور پر ایوارڈز دئیے گئے۔ ٹیم کی شاندار کارکردگی پر سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

Related Posts