وسیم اکرم بھارت سے شکست پر برہم، پاکستان کی نئی ٹیم لانے کا مطالبہ

تازہ ترین

تازہ ترین

وسیم اکرم
(فوٹو: کرک ٹوڈے)

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھارت سے شکست پر برہم ہوتے ہوئے بابر الیون کی جگہ نئی ٹیم لانے کا مطالبہ کردیاہے۔

اسٹار اسپورٹس پر قومی ٹیم کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو دشمن کی ضرورت نہیں، یہ خود ہی بہت ہیں۔ ہم کیا ان کے منہ میں چوسنی ڈالیں گے؟ ان کو بتانا پڑے گا کہ صورتحال سے آگہی کیا ہوتی ہے؟ جبکہ یہ 8 سے 10سال سے کھیل رہے ہیں۔

سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ کیا کھلاڑیوں کو بابر اور کوچ بتائیں گے کہ کیسے کھیلنا ہے؟کیا رضوان کو میں بتاؤں کہ سب سے اہم بولر ایک اوور کیلئے آئے تو وکٹ لینے آتا ہے، اس کی گیند پر سنگل لیا جاسکتا ہے۔ ٹیم نے 10 اوورز کے بعد نہ کوئی چوکا مارا اور نہ اس کی کوئی کوشش کی۔

قومی ٹیم کی جانب سے 120 رنز کے ہدف کا تعاقب نہ کرنے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ اب ہمیں شرمندگی محسوس ہونا شروع ہوگئی، بطور پاکستانی میں ٹیم کی تعریف کرنا چاہتا ہوں لیکن ہر چیز کی حد ہوتی ہے۔ پیشہ ور کرکٹر پرانی ہار بھلا کر آگے بڑھتا ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ ٹھیک ہے کہ ہم نے شکست کھائی، امریکی ٹیم نے اچھی کرکٹ کھیلی لیکن ہمیں بھی اسی کے پیسے ملتے ہیں، پیسوں کے علاوہ ہم ملک کی نمائندگی کرتے ہیں۔ مجھے افتخار کا پتہ ہے کہ اسے بولنگ کروں تو کس طرف شاٹ مارسکتا ہے۔ 15سال سے کھیلنے والے آف اسٹمپ پر بھی مارنا سیکھیں۔

Related Posts