ورلڈ بینک نے پاکستان کیلئے 1 ارب ڈالر کی فنڈنگ منظور کرلی ہے جس کے بعد ملکی معیشت کے استحکام کی راہیں ہموار ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 1 ارب ڈالر کی رقم داسو ڈیم پراجیکٹ کے تناظر میں اضافی فنڈنگ کے طور پر منظور کی۔ عالمی بینک کی جانب سے 1 ارب ڈالر کی منظوری کا باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
عالمی بینک کے اعلامیے کے مطابق داسو ڈیم کیلئے 1 ارب ڈالر اضافی فنڈنگ منظور کی گئی جبکہ یہ منظوری ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو بورڈ نے دی۔ تمام تر فنڈز داسو ہائیڈرو منصوبے کے فیز ون پر خرچ ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق داسو ہائیڈرو منصوبہ بجلی کی سپلائی میں بہتری اور توسیع لائے گا۔ عوام سماجی و معاشی سہولیات تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ منصوبہ ملک کیلئے گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے۔
داسو ہائیڈرو منصوبے سے پاکستان سستی بجلی پیدا کرنے کے قابل ہوسکے گا۔ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل پر پاکستان 4 ہزار 320 سے لے کر 5 ہزار 400 میگا واٹ تک بجلی پیدا کرسکتا ہے۔
منصوبے کے فیز 1 کے تحت پاکستان 2 ہزار 160 میگا واٹ تک بجلی پیدا کرنے کے قابل ہوگا۔ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں توانائی کا شعبہ متعدد چیلنجز سے بھرپور ہے۔ داسو منصوبہ دنیا کی بہترین سائٹس میں سے ایک پر موجود ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








