پاکستان کرکٹ ٹیم کی امریکا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرمناک پرفارمنس کے بعد سابق کھلاڑی اعجاز احمد نے تنقید کا رخ اپنی جانب موڑ لیا۔
اے آر وائے کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے اعجاز احمد نے کہا کہ پاکستان کی کرکٹ میں پٹھان کھلاڑیوں کا غلبہ ہے، قومی ٹیم میں 6سے 8 کھلاڑی پختون ہوتے ہیں جو صبح نماز پڑھنے جاتے ہیں جن کو نہ سمجھ ہے اور نہ پڑھے لکھے ہیں اور نہ وہ پریشر لے سکتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس کے حوالے سے اعجاز احمد کے اس بیان کے بعد پوری قوم میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، اے آر وائے نیوز کے صدرو سی ای او سلمان اقبال نے بھی اعجاز احمد کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سلمان اقبال کا کہنا ہےکہ اے آر وائے اعجاز احمد کے اس بیان سے نالاں ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہم پختون قوم کی دل سے عزت اور قدر کرتے ہیں، اعجاز احمد کو اپنے بیان پر معافی مانگنی چاہیے۔
یاد رہے کہ پاکستان کو ورلڈکپ میں اپنے دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پہلے میچ میں نوآمور امریکا اور دوسرے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شرمناک شکست ہوئی۔
پوری قوم پاکستان ٹیم کی کارکردگی سے نالاں اور تنقید کرتی نظر آتی ہے تاہم اعجاز احمد کے متنازع بیان کی وجہ سے قوم کی تنقید کا رخ ان کی جانب ہوگیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








