سپہ سالار ہر دم تیار، فیلڈ مارشل نے عید اگلے مورچوں پر وطن کے محافظوں کے ساتھ منائی

تازہ ترین

تازہ ترین

فیلڈمارشل، فائل فوٹو

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر تعینات افواجِ پاکستان کے جوانوں کے ساتھ عید منائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کی آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے آغاز پر انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے نمازِ عید بھی افسران اور جوانوں کے ساتھ ادا کی، جس میں ملک کے پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ تیاری اور قربانی کے جذبے کو سراہا اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔

انہوں نے دہشت گردی اور دشمن عناصر کے خلاف عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والی فتنہ الہندوستان اور اس کے سہولت کاروں کی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں اور عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

Related Posts