اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے آزادی مارچ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کو بری کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ ملک محمد عمران نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے کا محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور شاہ محمود قریشی، شیخ رشید ،صداقت عباسی، علی نواز اعوان اور دیگر کو بھی بری کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے خلاف 2022 میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عدالت میں پی ٹی آئی کے بانی اور دیگر کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار محمد مسروف خان، علی بخاری، آمنہ علی اور دیگر نے دلائل پیش کئے۔
دوسری جانب اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ ملک محمد عمران نے پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کو 9 مئی کو آئی نائن تھانے میں درج مقدمے میں بھی بری کر دیا ہے۔
شہریار آفریدی کو عدالت نے کیس پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے بری کر دیا۔ 9 مئی کو پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کے خلاف آئی نائن تھانے میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور شاہ محمود قریشی مختلف مقدمات کے تحت جیل میں ہیں، دونوں رہنماء کئی مقدمات میں بری ہوچکے ہیں تاہم ابھی مزید مقدمات کی وجہ سے دونوں رہنماؤں کے جیل میں رہنے کا امکان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








