فلوریڈا :پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں شرکت کے بعد لاڈر ہل میں عیدالاضحی منائی۔
قومی ٹیم نے ہوٹل میں عید کی نماز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی امامت میں ادا کی۔
عید کی نماز ادا کرنے کے بعد کھلاڑیوں نے سپورٹنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور تصاویر بھی بنوائیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کی عید کی تقریب کی جھلکیاں ایکس پر شیئر کیں۔

یاد رہے کہ پاکستان بدترین کارکردگی کی وجہ سے پہلی بار گروپ مرحلے میں T20 ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا ہے، شریک میزبان امریکااور آئرلینڈ کے درمیان گروپ اے کا ایک اہم میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے پاکستان کو ایونٹ سے باہر ہونا پڑا۔
گرین شرٹس نے اپنی T20 ورلڈ کپ 2024 کی مہم کا شرمناک آغاز کیا تھا کیونکہ سپر اوور میں امریکا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس کے بعد پاکستان نے 9 جون کو ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف بھارت کے خلاف چھ وکٹوں سے مایوس کن شکست کھائی۔
پے در پے شکستوں نے پاکستان کو ٹورنامنٹ سے جلد باہر ہونے کے دہانے پر کھڑا کر دیا۔
قومی ٹیم نے کینیڈا کے خلاف سخت جدوجہد کرتے ہوئے سات وکٹوں سے فتح درج کروائی اوراس کے بعد ایک اور سخت چیلنج میں آئرلینڈ کو شکست دی۔2009 کی چمپئن چار میچوں میں چار پوائنٹس کے ساتھ گروپ اے میں تیسرے نمبر پر رہی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








