انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں سن رائزرز حیدرآباد کے ہاتھوں شکست کے بعد رائل چیلنجرز بنگلورو کے سابق کپتان ویرات کوہلی کا متکبرانہ انداز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ میچ کے اختتام پر وہ آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ سے مصافحہ کیے بغیر آگے بڑھ گئے اور یہ لمحہ کیمرے میں محفوظ ہو گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل کا یہ مقابلہ جمعہ 22 مئی کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں سن رائزرز حیدرآباد اور رائل چیلنجرز بنگلورو کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں۔ یہ میچ صرف کھیل کے دوران ہی نہیں بلکہ بعد میں بھی خبروں کی زینت بنا رہا۔
سن رائزرز حیدرآباد نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلورو کو 55 رنز سے شکست دی، تاہم سوشل میڈیا پر زیادہ توجہ ویرات کوہلی اور ٹریوس ہیڈ کے درمیان میچ کے بعد سامنے آنے والے کشیدہ لمحے کو ملی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی کی وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میچ کے بعد روایتی ہینڈ شیک کے دوران ویرات کوہلی نے ٹریوس ہیڈ کو نظرانداز کردیا اور آگے بڑھ گئے جبکہ اسی ویڈیو میں ویرات کوہلی سن رائزرز حیدر آباد کے کپتان ابھیشیک شرما، پیٹ کمنز اور ایشان کشن سے ہاتھ ملاتے نظر آئے۔
Virat Kohli didn’t shake hands with Travis Head after the match ended. pic.twitter.com/74UEXm1aUV
— Cricketopia (@CricketopiaCom) May 22, 2026
واضح رہے کہ اس سے قبل میچ کے دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخی کے آثار بھی واضح دکھائی دیے۔ پہلی اننگز میں جب ٹریوس ہیڈ 26 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوئے تو ویرات کوہلی نے جذباتی انداز میں جشن منایا، جس پر شائقین نے بھی خاصی توجہ دی۔
بعد میں 256 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کھیل کے دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی دیکھنے میں آیا، جبکہ کوہلی کو ٹریوس ہیڈ کی جانب جارحانہ اشارے کرتے ہوئے بولنگ کے لیے آنے کا چیلنج دیتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








