ہمسایہ ملک بھارت کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر ڈیوڈ جانسن رہائشی عمارت کی چوتھی منزل سے گر کر ہلاک ہوگئے ہیں۔ان کی عمر 52سال تھی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فاسٹ بولر اپنے اپارٹمنٹ کی چوتھی منزل سے حادثاتی طور پر گر گئے یا پھر انہوں نے بلند و بالا عمارت سے خود چھلانگ لگا کر خودکشی کی، یہ تاحال واضح نہیں ہوسکا۔ بھارتی میڈیا نے ڈیوڈ جانسن کی خودکشی کا دعویٰ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ 52سالہ ڈیوڈ جانسن بلند وبالا عمارت کی بالکنی سے نیچے گر گئے، بھارتی پولیس کو شبہ ہے کہ سابق کرکٹر ڈیوڈ جانسن نے خودکشی کی ہے جبکہ ڈیوڈ جانسن گزشتہ 1 سال سے علیل تھے۔
علاج کے بعد چند روز قبل ہی ڈیوڈ جانسن کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ جانسن عمارت سے گر کر زخمی ہوگئے تھے جن کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہ جانبر نہیں ہوسکے۔
سابق بھارتی کرکٹر ڈیوڈ جانسن نے اپنے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 3بچے چھوڑے ہیں۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے ڈیوڈ جانسن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








