طالبان کے متعلق گنڈاپور کے متنازع بیان پر وضاحتیں شروع

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو دنیا

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ گڈ بیڈ طالبان کے حوالے سے وزیراعلیٰ کے پی کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جارہا ہے، علی امین گنڈا پور اس قسم کے بے بنیاد بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں، غلط بیان بازی ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں رکاوٹ بنے گی۔

بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ اور استحکام سب کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم نے ہفتے کو عزم استحکام کے حوالے سے بات کی، وفاقی حکومت کو عزم استحکام کے طریقہ کار، مدت اور دیگر متعلقہ امور کی وضاحت کرنی چاہئے کیونکہ اس اہم ترین معاملے پر سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ عزم استحکام کے تفصیلی اور واضح خدوخال تاحال سامنے نہیں آئے ہیں، عزم استحکام کہاں اور کب شروع کرنا ہے، اسکی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں، عزم استحکام صرف ایک صوبے سے منسوب کرنے کا تاثر دینا قبل از وقت ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ یقینا عزم استحکام میں متعلقہ صوبے سے مشاورت نظر انداز نہیں کی جائیگی، وزیراعظم نے واضح طور پر کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ صرف ایک ادارے کا مسئلہ نہیں ہے اسی طرح دہشت گردی صرف ایک صوبے کا نہیں پورے ملک کا مسئلہ ہے۔

Related Posts