اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جلسے کا این او سی منسوخ کرنے پر پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی آج نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے ترنول جلسے کا این او سی منسوخ کرنے پراسلام آباد ہائیکورٹ میں تحریکِ تحفظِ آئین پاکستان کی جانب سے این او سی معطل کرنے والوں کے خلاف عدالتی کارروائی کی استدعا کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیاکہ عدالتی حکم کے باوجود ترنول جلسے کا این او سی معطل کرنا توہین عدالت ہے۔ڈی سی اسلام آباد نے عدالت میں 4جولائی کو این او سی جاری کرنے کا کہا لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔
درخواست میں کہا گیا کہ عامر مغل این او سی حاصل کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کے آفس پہنچے تو انہیں گرفتار کرلیا گیا اور پھر گزشتہ روز ڈی سی اسلام آباد نے این او سی منسوخی کا خط بھیج دیا جو عدالتی حکم کے منافی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں جلسے کی اجازت دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ فریقین کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا حکم دیا جائے۔ پی ٹی آئی کارکنان کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔
درخواست میں چیف کمشنر، ڈی سی، آئی جی اور متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو فریق بنایا گیا ہے۔ تحریکِ انصاف کی قیادت نے کیس آج ہی سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا بھی کی۔ واضح رہے کہ ڈی سی اسلام آباد نے جلسے کا این او سی گزشتہ روز منسوخ کردیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








